کراچی،6ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پاکستان کرکٹ ٹیم اگلے سال انگلینڈ کا مختصر دورہ کرے گی۔ اس دوران دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔اس بات کا اعلان منگل کو انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈکی جانب سے کیا گیا۔پہلا ٹیسٹ 24مئی کو لارڈز میں اور دوسرا ٹیسٹ یکم جون کو ہیڈنگلے میں ہو گا۔اس سے قبل آخری مرتبہ 2016میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلی تھی جو 2،2سے برابر رہی تھی۔دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے مجموعی میچز کا جائزہ لیں تو ٹیسٹ میچوں میں انگلینڈ کا پلہ بھاری نظر آتا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک مجموعی طور پر 81 ٹیسٹ میچز کھیلے جاچکے ہیں،جن میں سے 24میچ انگلینڈ نے جیتے، 20کا فیصلہ پاکستان کے حق میں ہوا جبکہ 37میچز بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔انگلینڈ کی سرزمین پر دونوں ٹیمیں 51مرتبہ ایک دوسرے مدمقابل آئیں۔ ہوم گراونڈز پر انگلش ٹیم کو پاکستان پر واضح برتری حاصل رہی۔ 51میچوں میں سے 22میں انگلینڈ نے کامیابی حاصل کی جبکہ 11مرتبہ جیت پاکستان کا مقدر بنی اور 18میچ ڈرا ہوئے۔
لارڈز کا تاریخی گراونڈ دونوں ٹیموں کے لئے یکساں سود مند رہا۔ اس گراونڈ پر اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان میچز کا فیصلہ 50،50فیصد رہا۔لارڈز میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان مجموعی طور پر 14ٹیسٹ کھیلے گئے۔دونوں ٹیموں نے 4،4میچ جیتے جبکہ 6میچوں کا نتیجہ نہ نکل سکا۔لارڈز میں انضمام الحق نے چار ٹیسٹ میچوں کی 8اننگز میں 384رنز بنائے۔ کسی بھی اننگز میں ان کا سب سے زیادہ انفرادی اسکور 148رنز تھا۔اس گراونڈ پر محسن خان 200اور محمد یوسف 202رنز کے ساتھ ڈبل سنچریاں اسکور کر چکے ہیں۔لارڈز میں وقار یونس اور وسیم اکرم نے اپنی سوئنگ بولنگ سے انگلش بیٹسمینوں کو خوب پریشان کیا۔ وقار یونس نے تین ٹیسٹ میچوں کی پانچ اننگز میں 21اعشاریہ 29کی اوسط سے 17وکٹیں لیں جبکہ وسیم اکرم نے 4میچوں کی 6اننگز میں 33اعشاریہ 83کی اوسط سے مجموعی طور پر 12کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
ہیڈنگلے لیڈز میں انگلینڈ کو پاکستان پر واضح برتری حاصل ہے، اس گراونڈپر کھیلے گئے 9میچوں میں سے انگلینڈ نے 5اور پاکستان نے صرف ایک میچ میں کامیابی حاصل کی۔ تین میچوں کا کوئی نتیجہ برآمد نہ ہوسکا۔اس گراونڈ پر پاکستان کے سلیم ملک تین ٹیسٹ میچوں کی پانچ اننگز میں مجموعی طور پر 326رنز بناکر سب سے آگے ہیں جبکہ محمد یوسف کے 192رنز کسی بھی پاکستانی بیٹسمین کا ایک اننگز میں سب سے زیادہ اسکور ہیجبکہ یونس خان 173، اعجاز احمد 141 اور معین خان 105رنز کی اننگز کھیل چکے ہیں۔عمران خان اس گراونڈ پر تین ٹیسٹ میچوں کی 6اننگز میں مجموعی طور پر 21وکٹیں لے کر ٹاپ پر ہیں جبکہ سرفراز نواز نے اس گراونڈ پر دو ٹیسٹ میچوں کی تین اننگزمیں 12کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔